کلاسیکل گائیکی کی شان استاد سلامت علی خان کی آج 22 ویں برسی

07-11-2023

(ویب ڈیسک) کلاسیکل گائیکی کی شان استاد سلامت علی خان کو دنیا سے رخصت ہوئے 22 سال گزر گئے، مداح ان کی برسی پر آج انہیں یاد کر رہے ہیں۔

شام چوراسی گھرانے کے کلاسیکل گائیک استاد سلامت علی خان 12 دسمبر 1934ء کو ہوشیار پور میں پیدا ہوئے، انہوں نے بڑے بھائی استاد نزاکت علی خان کے ساتھ اپنے والد استاد ولایت علی خان سے موسیقی کی تربیت لی۔ نہایت کم عمری میں ہندوستان گیر شہرت حاصل کی، انہوں نے آواز کے کرشمے سے جہاں اپنے گھرانے کو نئی معراج دی وہاں برصغیر کی روایتی موسیقی کو بھی پوری دنیا میں پھیلا دیا۔ تقسیم ہند کے بعد استاد سلامت علی خان نے پہلے ملتان اور پھر لاہور میں اقامت اختیار کی، ان کا گھرانہ دھرپد گائیکی کے لئے مشہور تھا، لیکن استاد سلامت علی خان نے اپنے بزرگ میاں کریم بخش مجذوب سے خیال گائیکی میں بھی اختصاص حاصل کیا۔ وہ برصغیر کے واحد گائیک تھے جنہیں مسلسل 10 سال تک آل انڈیا میوزک کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی، انہوں نے برطانیہ، امریکا، جرمنی، بھارت، افغانستان، سنگاپور، ہالینڈ، اسکاٹ لینڈ، سوئٹزرلینڈ اور اٹلی میں فن کا مظاہرہ کیا۔ استاد سلامت علی خان کو پنج پٹیہ گلوکار کے لقب سے بھی نوازا گیا۔ حکومت پاکستان نے استاد سلامت علی خان کی فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے نوازا، وہ 11 جولائی 2001ء کو لاہور میں خالق حقیقی سے جا ملے۔