پنجاب یونیورسٹی ہیلے کالج آف کامرس کے زیراہتمام سالانہ کانووکیشن کا انعقاد

07-10-2023

(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی ہیلے کالج آف کامرس کے زیراہتمام پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں9 ویں سالانہ کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔

مہمان خصوصی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر تھے۔ کانووکیشن میں ایم فل، ایم کام اور بی کام (آنرز) کے کامیاب طلبا و طالبات اور پوزیشنز ہولڈر میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کا کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا تعلیم اور مہارت کی بنیاد پر ہی عملی زندگی میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ کسی بھی ملک و قوم کی ترقی کا انحصار اس کی نوجوان نسل پر ہوتا ہے۔ نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی خواتین عملی زندگی میں اس علم کو پھیلائیں۔ انہوں  نے کہا مشاہدے میں آیا ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی بعض خواتین ازدواجی زندگی اختیار کرنے کے بعد عملی کردار ادا نہیں کر پاتیں۔ یہ محدود وسائل کے استعمال کا ضیاع ہے۔ سوسائٹی کے ہر فرد کو تعمیر و ترقی میں حصہ لینا ہو گا۔ کانووکیشن میں قائمقام وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود، ملتان ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور، پرنسپل ہیلے کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفر احمد، فیکلٹی ممبران اور گریجویٹس طلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔