آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس، نیب لاہور کا عثمان بزدار کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

07-10-2023

(لاہور نیوز) آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار طلبی کے باوجود 14ویں مرتبہ نیب لاہور پیش نہیں ہوئے، سابق وزیراعلیٰ کے وکیل نے استدعا کی کہ عثمان بزدار آج بھی پیش نہیں ہو سکتے، نیب نے عثمان بزدار کے وکیل کی استدعا مسترد کردی، نیب نے عثمان بزدار کے وکیل سے جواب وصول کرنے سے بھی انکار کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کی مسلسل 14 ویں بار عدم پیشی پر نیب حکام نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کے لیے قومی احتساب بیورو کی چیئرمین سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے استدعا کردی ہے، نئے آرڈیننس کے تحت عثمان بزدار کو دوران انکوائری بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ نیب کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عثمان بزدار پر نئے آرڈیننس کا اطلاق کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات، تقرر و تبادلے، ٹھیکوں میں بے ضابطگی کا کیس چل رہا ہے، عثمان بزدار سمیت خاندان پر 9 ارب سے زائد اثاثہ جات بنانے کا کیس زیر تفتیش ہے۔ نیب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عثمان بزدار کے خلاف گندم برآمد کیس بھی زیر تحقیقات ہے۔