زمان پارک: پولیس پر تشدد کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کیخلاف درخواستیں خارج

07-10-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بم پھینکنے اور تشدد کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے خلاف درخواستیں مسترد کردیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا، بنچ کے رکن جسٹس امجد رفیق نے تحریری فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ یاد رہے فواد چودھری، حماد اظہر اور مسرت جمشید چیمہ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواستگزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ زمان پارک کے واقعات پر پی ٹی آئی ورکروں کےخلاف دہشت گردی کے بے بنیاد مقدمے بنائے گئے۔ وکیل پنجاب حکومت کا مؤقف تھا کہ چار سو سے زائد پی ٹی آئی ورکرز کے مسلح ہونے کی اطلاعات تھیں، مسلح افراد نے پولیس پرحملہ کرکےافسروں کو زخمی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ بعد ازاں عدالت نے دونوں جانب سے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔