خواتین کرکٹ سکلز کیمپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر

07-09-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام خواتین سکلز کیمپ کا پہلا مرحلہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اختتام کو پہنچا، پانچ روزہ کیمپ میں 20 کرکٹرز نے حصہ لیا۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق کیمپ نے ان تمام کھلاڑیوں کو اپنی مہارت اور فٹنس میں اضافے کا بہترین موقع فراہم کیا، اس کے علاوہ ان کھلاڑیوں کو اپنی تکنیک میں بہتری لانے کا بھی موقع ملا۔کیمپ کی نگرانی پاکستان ویمنز ٹیم کے سپورٹ سٹاف نے کی جس کے سربراہ ہیڈ کوچ مارک کولز ہیں،کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں کو کوچنگ سٹاف کی طرف سے کھیل کے تینوں شعبوں کی ٹریننگ کے علاوہ گیم کی حکمت عملی کے بارے میں اہم باتیں بتائی گئیں۔ ہیڈکوچ مارک کولز نے کیمپ میں ان کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ ان کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ اور ان میں کھیل کی لگن دیکھ کر وہ بہت متاثر ہوئے ہیں، ان کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ ان کی محنت اور لگن سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے لیے مستقبل کا ٹیلنٹ سامنے لانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان ویمنز کرکٹرز کے سکلز کیمپ کا دوسرا مرحلہ 13سے 17 جولائی تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں منعقد ہوگا، اس مرحلے میں بھی 20 کرکٹرز حصہ لیں گی جن میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار بھی شامل ہیں جو لاہور کے پہلے مرحلے میں بھی موجود تھیں۔