ایل ڈی اے کے سڑکوں کی بحالی و مرمت کے منصوبے فائلوں تک محدود

07-09-2023

(لاہور نیوز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ترقیاتی منصوبے صرف فائلوں تک محدود ہو کر رہ گئے۔

  ایل ڈی اے گزشتہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کے روڈ میپ  پر عمل نہ کر سکا، گزشتہ مالی سال ایل ڈی اے بجٹ میں 34 نئی سکیموں کی منظوری دی گئی، نئی سکیموں کے لیے ایک ارب 71 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا لیکن فنڈز میں کمی کی وجہ سے ایل ڈی اے روڈ میپ پر عمل درآمد نہ  کرسکا۔ عبدالحق روڈ اور ابوذر غفاری روڈ کی مرمت اور بحالی  کا  کام نہ ہوسکا، خیابان فردوسی، شوق چوک سے شوکت خانم  اور شوکت خانم سے ٹوپاز چوک تک واک ویز تعمیر نہ کیے جاسکے، کالج روڈ سے خیرا  ڈسٹری بیوٹری  تک سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر کا کام بھی  نہیں ہوسکا۔ اس کے علاوہ کینال روڈ ،جیل روڈ ، گلبرگ مین  مارکیٹ ، رائیونڈ روڈ  پر نئی لائٹس کی تنصیب کے منصوبے پر بھی عمل نہیں ہوا۔ ایل ڈی اے انتظامیہ نے شروع  نہ ہونے والے منصوبوں کو مالی سال 24-2023 میں شامل کرنے کی تجویز دے دی۔