فی الحال پنجاب میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں: نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی

07-09-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پنجاب میں فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

محسن نقوی نے ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دریائے راوی کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کا جائزہ لیا، کمشنر، ڈپٹی کمشنر و دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ریسکیو ،سول ڈیفنس کی ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے راوی پر موجود ہیں، مشترکہ آپریشن 24 گھنٹے جاری رہے گا، دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر اس وقت 14 ہزار کیو سک پانی گزر رہا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں ابھی فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے، ہندوستان نے جو پانی چھوڑا ہے وہ روٹین کا پانی ہے، ہمارا کام انسانی جانوں کو بچانا ہے، ہمارے وزیر پلاننگ فیلڈ میں موجود ہیں۔ محسن نقوی نے کہا دریا کے اندر غیر ضروری رہائش گاہ نہیں بنی ہونی چاہئیں، دریا کے اندر بنی آبادیاں خالی کروا کر گھروں کو توڑ دیں گے، دریا سے ریت نکالیں گے اس سے پانی کے بہاؤ میں فرق پڑے گا، ابھی مون سون کی بارشیں ہونا باقی ہے، اس سے فرق پڑ سکتا ہے دو مہینے اہم ہیں تمام معاملات کی نگرانی کررہے ہیں۔