مہنگائی ٹرین فراٹے بھرنے لگی، اشیائے خورونوش عوام کی پہنچ سے دور

07-09-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کے چکر نے سب کو چکرا کر رکھ دیا، گوشت سبزیاں سب کچھ عوام کی جیب پر بھاری پڑنے لگا، غریب کیلئے کچھ بھی سستا نہ رہا۔

برائلر گوشت 18  روپے مہنگا ہو کر فی کلو 633  روپے کا ہو گیا، فارمی انڈے بھی 2 روپے اضافے کے ساتھ 239  روپے فی درجن ہو گئے۔ سبزیاں اور سبز مصالحہ جات بھی عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگے، ٹماٹر کی قیمت کو بھی پر لگ گئے، سرکاری نرخ نامے میں ٹماٹر25  روپے مہنگے ہو کر 95 روپے فی کلو ہو گئے جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر140  روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔آلو100  اور پیاز 90  روپے فی کلو تک دستیاب ہے جبکہ لہسن400  اور ادرک ایک ہزار روپے فی کلو میں بیچا جارہا ہے، پھول گوبھی 150، بھنڈی140، کریلے120  اور پالک70  روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ حکمران طبقے کا عوام کی جانب کوئی دھیان نہیں، سب صرف کرسی کی دوڑ میں لگے ہیں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، مارکیٹ میں ہر چیز من مانی قیمت پر بیچی جارہی ہے لیکن انتظامیہ کچھ نہیں کر رہی، حکومت کو چاہیے کہ سب سے پہلے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔دوسری جانب مارکیٹ ذرائع کے مطابق موسمی اثرات مہنگائی میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں سبزیوں کے نرخ مزید بڑھنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔