اوپن مارکیٹ میں آٹے کی قیمتیں بے قابو، انتظامیہ بے بس

07-09-2023

(لاہور نیوز) شہر کی اوپن مارکیٹ میں آٹا کھلے عام مہنگے داموں فروخت ہونے لگا، آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو لگام دینا محکمہ خوراک کے لئے چیلنج بن گیا، 70سے زائد مجسٹریٹس آٹےکی من مانی قیمتوں کو روکنے میں ناکام ہوگئے۔

شہر میں آٹے کے دام آسمان کو چھونے لگے، عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہو گئے، 70سے زائد مجسٹریٹس آٹے مافیا کے سامنے بے بس ہو کر رہ گئے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں 4800 روپے سے تجاوز کر گئی ہیں،20 کلو آٹے  کا تھیلا 2800 روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کھلا سرخ آٹا 140 روپے اور سفید فائن آٹا 150 روپے کلو بیچا جا رہا، چکی آٹا 170 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، 10کلو آٹے کا تھیلا صرف ڈیمانڈ کے مطابق سپلائی کیا جا رہا ہے۔ ادھر شہر کے متعدد تنوروں پر سادہ روٹی 18 سے 20 روپے کی بیچی جارہی ہے، نان 25 سے 30 روپے کا فروخت کیا جا رہا ہے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مہنگی گندم خرید کر سستا آٹا سپلائی نہیں دے سکتے، متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل بولے کہ آٹا مہنگا ہونے پر تنورمالکان روٹی مجبوراً مہنگی بیچ رہے ہیں۔ دوسری جانب سیکرٹری خوراک پنجاب زمان وٹو کا کہنا ہے کہ  پرائیویٹ گندم امپورٹ ہونے سے مارکیٹ میں گندم ذخیرہ اندوز مافیا کو لگام ڈالی جاسکتی ہے، اوپن مارکیٹ مافیا کے بھرپور کنٹرول میں  ہے، بلیک میلرز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔