سوشل میڈیا ٹرولنگ سے کیا سیکھا؟ اداکارہ حرا مانی نے بتا دیا

07-09-2023

(لاہور نیوز) پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ حرا مانی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی ٹرولنگ سے میں نے یہ سیکھا ہے کہ کچھ بھی بولنے سے پہلے سوچ لینا بہتر ہوتا ہے۔

حرا مانی اکثر و بیشتر اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا کی زینت بنی رہتی ہیں، گزشتہ سال ان کا خواتین سے متعلق بیان بھی وائرل ہوا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ گزشتہ برس گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والی کم عمر دعا زہرا کے حوالے سے حرا کا ایک بیان وائرل ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ " میں چاہتی ہوں دعا زہرا اور  ظہیر احمد کبھی الگ نہ ہوں"، حرا کے اس بیان پر انہیں سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعدازاں حرا مانی نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے دعا زہرا کے والدین اور مداحوں سے معافی مانگ لی تھی۔ ایک غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سوشل میڈیا ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حرا کا کہنا تھا کہ بعض اوقات سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر میں خود بھی پریشان ہو جاتی ہوں، لیکن میں مانتی ہوں کہ بولنے سے پہلے سوچنا چاہیے، اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ حقوق نسواں سے متعلق متنازعہ بیانات کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے حرا مانی نے کہا کہ جب بھی خواتین کے ساتھ برا سلوک ہوتا ہے تو میں ان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہوں، میرے لیے فیمینزم کا مطلب یہ ہے کہ اگر سیٹ پر آپ کے ساتھ کوئی ایسی عورت ہے جو نئی ہے اور انڈسٹری کو نہیں جانتی ہے تو آپ کو اس کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ حرا مانی ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری سے منسلک ہیں، پہلے بطور ٹی وی پریزنٹر اور بعدازاں بطور اداکارہ کے طور پر سامنے آئیں، انہوں نے ’دو بول‘، ’میرے پاس تم ہو‘، ’کشف‘، اور ’بندش‘ سمیت کئی مشہور ٹیلی ویژن ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ یاد رہے حرا مانی نے 2008 سے میزبان اور اداکار سلمان ثاقب شیخ (مانی) کے ساتھ شادی کی تھی۔