پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں تیزی سے اضافہ

07-09-2023

(ویب ڈیسک) ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ برسوں کے دوران تیز رفتار اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں وسیع استعداد کا حامل ملک ہے اور پاکستان کوآئی ٹی کی برآمدات کے لیے اپنی مصنوعات اور خدمات کو زیادہ مسابقت کا حامل بناتے ہوئے نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات سٹیٹ بینک کے شعبہ اقتصادی پالیسی جائزہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی نمو اور ملکی معیشت کے حوالے سے اس کے امکانات پر حالیہ پوڈکاسٹ میں کہی۔ سٹیٹ بینک کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ برسوں کے دوران تیز رفتار اضافہ ہوا۔ 2013 میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات 290 ملین ڈالر کی معتدل سطح سے بڑھ کر 2019 میں890 ملین ڈالر ہو گئیں اور 2022 میں2.1 ارب ڈالر کی متاثر کن سطح تک پہنچ گئیں۔ پوڈ کاسٹ میں شریک مہمانوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کو معاشی نمو کے اہم محرک کی حیثیت حاصل ہو چکی ہے اور یہ شعبہ ملکی منڈی، بیرونی تجارت، ای گورنمنٹ اقدامات اور فن ٹیک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔