گزشتہ 4 سال میں ملک کا جو نقصان ہوا اس کی مثال نہیں ملتی: بلال اظہر کیانی

07-09-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ گزشتہ 4 سال میں ملک کا جو نقصان ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال آئین کے مطابق ایک مسلط شدہ وزیراعظم کو ہٹایا گیا، جب ہٹایا گیا تو اس شخص نے امپورٹڈ حکومت کا نعرہ لگایا، اس کو مسلط کرنے کے بعد اس کے منہ میں نوالے بھی ڈالے گئے، اس طرح نظام نہیں چلتے، بھونڈے تجربات کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا سائفر جیسا جھوٹ لہرایا گیا، آج وہ شخص امریکا کی منتیں کررہا ہے، امریکا سے منتیں تم کرو،امپورٹڈ حکومت ہمیں کہو، گزشتہ 4 سال میں معیشت کی تباہی کی گئی، نواز شریف کے دور میں مہنگائی کی شرح محض 3.8 فیصد تھی، پاکستان میں 12ہزارمیگاواٹ سے زائد بجلی کے کارخانے لگے، نوازشریف دور میں ملک سے دہشتگردی ختم کی گئی۔ بلال کیانی نے کہا نواز شریف کے دور میں پاکستان میں بجلی اور روزگار آگیا تھا، ایک ترقی کرتا پاکستان اس مسلط شدہ شخص کو ملا، اس ملک میں جب بھی معاشی گروتھ ہوئی نوازشریف کے دور میں ہوئی، نوازشریف نے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا، موجودہ حکومت نے سیاسی اور معاشی استحکام کا سفر طے کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہی وہ واحد شخص ہے جو چیلنجز سے نمٹنے کا تجربہ رکھتا ہے، نوازشریف کے ساتھ زیادتی کی گئی، نوازشریف کو ہٹاکر پوری قوم کے ساتھ زیادتی کی گئی، نوازشریف کو ریاست کی ساری مشینری استعمال کرکے ہٹایا گیا، نوازشریف آج سرخرو ہورہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف سے انصاف نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مسلط کیے گئے شخص کو ترقی یافتہ معیشت ملی تھی، گزشتہ 4 سال میں کروڑوں لوگ بے روزگار کردیئے گئے، گزشتہ حکومت میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضے لیے گئے، اس شخص کے دور میں مہنگائی کی شرح مسلسل اونچی رہی، اس نے کہا تھا میں خودکشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، ان کو آج شرم آنی چاہیے،قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ موجودہ حکومت کی ایک سال کی محنت کی کڑی تھی، پی ٹی آئی والے آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات کے جشن منارہے ہیں، ان کو معافی مانگنی چاہیے ،انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا۔