بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

07-09-2023

(لاہور نیوز) بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا، دریائے راوی میں ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا، پی ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت نے 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی اُوج بیراج سے دریائے راوی میں چھوڑا، 65 ہزار کیوسک پانی کا ریلا اگلے 20 سے 24 گھنٹوں میں راوی میں پہنچے گا، ریلے کے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے۔ الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں ،مرالہ ہیڈ ورکس اور جسر پر مانیٹرنگ جاری رکھے، عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، راوی سے منسلک اضلاع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں اور الرٹ رہیں۔ یاد رہے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ سال بھی ہندوستان نے 1 لاکھ 73 کیوسک پانی چھوڑا تھا، چھوڑے گئے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60 ہزار کیوسک جسر تک پہنچا تھا، ریلے کی وجہ سے دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا تھا۔