نو مئی کے واقعات میں ملوث ایک اور مطلوب شر پسند قانون کی گرفت میں آگیا

07-09-2023

(لاہور نیوز) 9 مئی کے واقعات میں ملوث عاشق نامی مطلوب شر پسند قانون کی گرفت میں آگیا، ملزم کے بھائی نے واقعات کی مذمت کی ہے۔

گرفتار ملزم کے بھائی نے کہا کہ میرے بھائی کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے نفرت انگیز اور فوج کے خلاف بیانیہ نے اس کی ذہن سازی کی، وہ ایک کھلاڑی تھا، سیاست کے بہکاوے میں آ کر اس نے اپنا مستقبل برباد کر دیا، یہ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ سے کچھ بھی نہیں ملتا، اس سے صرف گھر ہی برباد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو بھائی کو ایک نمبر سے فون آیا کہ آ جائیں، جس کا فون آیا تھا اس کے ساتھ ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چودھری موجود تھے، سوشل میڈیا پر نفرت کی سیاست دیکھ کر میرا بھائی بہکاوے میں آگیا تھا۔ زیر حراست ملزم کے بھائی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، پاک فوج ہماری ہے اور ہمہ وقت ہماری حفاظت پر مامور رہتی ہے، توڑ پھوڑ کسی صورت قابل قبول نہیں، یہ سب کر کے صرف ہم اپنا نقصان کر رہے ہیں۔