سیاسی و سماجی شخصیات کے وفد کا جناح ہاؤس کا دورہ، ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

07-09-2023

(لاہور نیوز) سیاسی اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

وفد نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ آج ہم نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا تو دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا کہ شرپسندوں نے اپنے ہی قائد کے گھرکو کس بے دردی سے جلایا، پاک افواج اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنا کسی بھی لحاظ سے قابل معافی جرم نہیں ہے، ہم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ وفد کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے قائد کے گھر لہراتے قومی پرچم اور مسجد کے تقدس کو بھی پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ہم کسی اور جھنڈے کو نہیں مانتے، ہمارے لیے صرف ایک سبز ہلالی پرچم ہی اہمیت رکھتا ہے اور اسی کے تقدس کیلئے ہم یکجا ہیں۔ وفد نے مزید کہا کہ قائد کے گھر تباہی پھیلانے والوں کے خلاف حکومت پاکستان اور عدالتوں سے جلد انصاف اور سخت سزاؤں کا مطالبہ کرتے ہیں۔