کمشنر لاہور کی ڈینگی لاروا کی افزائش کے ہاٹ سپاٹس کلیئر کرنے کی ہدایت

07-08-2023

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ایک ہفتے میں شہر میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے 30 ہزار ہاٹ سپاٹس کلیئر کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ڈویژن میں بارشوں کے باعث ڈینگی کی افزائش کے خطرات پیدا ہو گئے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر سمیت گیارہ محکموں کے افسروں نے کمشنر کو بریفنگ دی۔ قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ کے ڈی سیز نے بذریعہ ویڈیو لنک بریفنگ دی۔ اجلاس میں محکمہ صحت، پی آئی ٹی بی، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن، ایم سی ایل، محکمہ بلدیات، ایل ڈبلیو ایم سی و دیگر افسران شریک ہوئے۔ کمشنر لاہور کو سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ میں بتایا کہ شہر میں 30 ہزار 4 سو 44 ڈینگی لاروا کی افزائش کے ہاٹ سپاٹ قائم ہیں۔ ِاِن ڈور اور آؤٹ ڈور 35 ہزار ڈینگی لاروا کو تلف کیا گیا۔ 34ہزار 1 سو 31 افراد کو ڈینگی لاروا کی افزائش پر نوٹس دیئے گئے۔ 1ہزار 6 سو 32 مکینوں کے خلاف مقدمے کا اندراج کروایا گیا۔ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر 63 افراد کو حوالہ جیل کیا گیا۔ 6 ماہ میں ڈینگی کے 93 مثبت مریض رپورٹ ہوئے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ نشتر اور اقبال ٹاؤن میں ڈینگی لاروا کی افزائش میں تیزی تشویشناک ہے۔ تمام پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتال ایس او پیز کی پابندی کریں۔ ڈینگی لاروا کی افزائش کو تلف کرنے کے لئے افسران کو چوکس رہنا ہو گا۔