شہر لاہور میں مون سون کی بارشیں، نشتر ٹاؤن میں 87 ملی میٹر بارش ریکارڈ

07-08-2023

(لاہور نیوز) شہر لاہور میں مون سون کی تیز بارشیں جاری ہیں۔ نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 87 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

صبح 4 بجکر 45 منٹ سے شروع ہونے والی بارش کے 4 سپیل برسے۔ پہلا سپیل 4 بجکر 45 منٹ سے 6 بجکر 30 منٹ اور دوسرا سپیل 7 بجے سے 7 بجکر 30 منٹ تک برسا۔ تیسرا سپیل 8 بجکر 20 منٹ سے شروع ہو کر 9 بجکر 30 منٹ تک برستا رہا۔ چوتھا سپیل 11 بجکر 15 منٹ سے شروع ہو کر سہ پہر تک جاری رہا۔ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 87 ملی میٹر ریکارڈ، جیل روڈ پر 22، ایئرپورٹ 27، گلبرگ میں 18 اعشاریہ 2، لکشمی چوک میں 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ، اپر مال میں 12 ، مغل پورہ میں 13، تاج پورہ میں 25، نشتر ٹاؤن میں 87 ملی میٹر بارش ہوئی۔ چوک ناخدا میں 3 اعشاریہ 5، پانی والا تالاب میں 11، فرخ آباد میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے ایم ڈی واسا غفران احمد کے دورے بھی جاری ہیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے عثمان بلاک ڈسپوزل کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام ڈائریکٹرز کو مرکزی، سکینڈری روڈز کو کلیئر کرنے کے احکامات دیئے۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے کلمہ چوک انڈر پاس کا دورہ بھی کیا اور نکاسی آب آپریشنز تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے مغل پورہ اور لبرٹی چوک کے بھی دورے کئے اور تمام چھوٹے پاؤنڈنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے کی ہدایات کیں۔ ایم ڈی واسا نے مزید بارشوں کے پیش نظر ڈسپوزل سکرینوں کو صاف رکھنے اور جنریٹرز میں فیول کو یقینی بنانے کی ہدایات کیں۔