دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب، ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ بڑھ گیا

07-08-2023

(ویب ڈیسک) دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے سے نچلے درجے کا سیلاب، ڈیموں میں بھی پانی کا ذخیرہ بڑھ گیا۔

ذرائع کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، آج دریاؤں میں پانی کا مجموعی بہاؤ 3 لاکھ 4 ہزار کیوسک رہا جس سے ڈیمز میں پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہو گیا، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ ڈیمز میں پانی کا ذخیرہ 80 لاکھ ایکڑ فٹ ہے، دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 40 لاکھ ایکڑ فٹ ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 38 لاکھ ایکڑ فٹ سے زائد ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 64 ہزار کیوسک سے زائد ہے۔ بیراجز میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، گدو بیراج پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 47 ہزار کیوسک ہے، سکھر بیراج پر پانی کا بہاؤ 82 ہزار کیوسک ہے۔