سرفراز احمد کی گورنر سندھ سے ملاقات،کرکٹ کے فروغ پر تبادلہ خیال
07-08-2023
(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی جس میں صوبہ میں کرکٹ کے فروغ ، نوجوان کرکٹرز کی تربیت، حکومتی اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری کرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتے ہیں، شہر میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر شائقین کی خوشی دیدنی تھی، پاکستانی نوجوان باصلاحیت اور ہر شعبہ میں کچھ کرنے کا جنو ن رکھتے ہیں، ضرورت ان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ہے۔ انہوں نے کہا شہر میں نوجوان کرکٹر ز کے لئے مختلف اکیڈمیز کام کر رہی ہیں، اکیڈمیز میں نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جارہا ہے، اس شہر نے محمد برادران،جاویدمیانداد سمیت کئی عالمی معیار کے کھلاڑی مہیا کئے ہیں، صوبہ میں کرکٹ کا فروغ میرا مشن ہے، میری خدمات ہروقت حاضرہیں۔ سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کی کرکٹ کے کھیل میں دلچسپی خوش آئند ہے، کرکٹ کے فروغ کے لئے گورنرسندھ کا تعاون شاندار ہے۔