سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دیدیا

07-08-2023

( ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ گزشتہ 2 روز کی طرح آج بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش نہ ہوئے، انہیں عدالت نے دلائل دینے کے لیے طلب کیا تھا۔ عدالت کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق 7 روز میں فیصلہ کرنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہے یا نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آج عدالت میں دو درخواستیں دائرکی گئیں، ایک میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس میں سکیورٹی خدشات کو بنیاد بنایا گیا ہے جب کہ دوسری درخواست میں وکیل گوہرعلی خان نے 10 جولائی تک سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھادیا جب کہ سیشن جج ہمایوں دلاور نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین روز میں ایک بار بھی وکیل خواجہ حارث پیش نہیں ہوئے، انڈر ٹیکنگ آپ نے دی کہ وکیل خواجہ حارث پیش ہوں گے، توشہ خانہ کیس میں آپ کے لیے عدالت بہت نرم رویہ رکھ رہی ہے، اتنے نرم رویے کی مثال اور کہیں نہیں ملتی، اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا ہے۔ جج نےکہا کہ ساڑھےگیارہ بجے دلائل دیں ورنہ الیکشن کمیشن کےوکیل کو سن کر فیصلہ کردوں گا۔ وقفےکے بعد  الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے، گوہرعلی خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل اپنے دلائل دیں تو ہم آئندہ ہفتے اپنے دلائل دیں گے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس کا ایک ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے، ہائی کورٹ نے سیشن عدالت کو واضح ڈائریکشن دی ہے، سیشن عدالت کو  توشہ خانہ کیس پر سماعت شروع کرنےکی ڈائریکشن ریکارڈ  پر موجود ہے۔ جج ہمایوں دلاور کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آپ کو اتنا بڑا ریلیف دیا ہے، جس پر عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئی ریلیف نہیں دیا، ہائی کورٹ نے ہمیں سننے کے لیے آپ کے پاس بھیجا، میں اس پر متفق نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کا حق لیا جا رہا ہے، 12 جولائی تک وقت ہے، جلدی میں فیصلہ کیا تو ناانصافی ہوگی۔ جج کا کہنا تھا کہ  خواجہ حارث سینئر وکیل ہیں، ان سے اس طرح کا رویہ توقع نہیں کیا جا سکتا، توشہ خانہ کیس پر ہر پاکستانی کی نظر ہے، توشہ خانہ کیس جب سے آیا، میری عدالت میں دیگر کیسز رک گئے ہیں، آج کے علاوہ آپ کو کوئی تاریخ نہیں دی جائےگی۔ وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی متعدد  بار استثنیٰ کی درخواستیں دائر کر چکے ہیں،گوہر علی خان چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دلائل دے چکے، چیئرمین پی ٹی آئی صرف تاخیری  حربے استعمال کر رہے ہیں۔