استحکام پاکستان پارٹی کا آئندہ ہفتے پارٹی منشور لانے کا اعلان

07-08-2023

(ویب ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی نے آئندہ ہفتے پارٹی منشور عوام کے سامنے لانے کا اعلان کردیا۔

آئی پی پی رہنما فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری جماعت آئندہ ہفتے اپنا منشور لارہی ہے، ہم تمام تقاضے پورے کرکے باضابطہ رجسٹریشن کےلیے الیکشن کمیشن جارہے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا عون چودھری نےایک پٹیشن سپریم کورٹ میں دی ہے،اگر کوئی جماعت سیاست کی آڑمیں ریاست تہس نہس کرنے کا ایجنڈا لیکر چل رہی ہے تو اس کو بین کیا جانا چاہیے، یہ پٹیشن انفرادی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ اپنی ذات کو ریاست پر ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے الیکشن میں بھرپورحصہ لیں گے، ہرحلقہ میں امیدوارکھڑے کریں گے،ماضی میں نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا، آئی پی پی نوجوانوں کے مستقبل کے لیے روڈ میپ تعین کرنے جارہی ہے۔  فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کے بھائی کی وفات ہوئی ہے ان کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں۔