بارشوں سے پنجاب میں کتنی اموات ہوئیں؟ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری
07-08-2023
(لاہور نیوز) گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے باعث ہونے والی اموات پر مبنی رپورٹ جاری کردی گئی۔
پروونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھاری کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مجموعی طور پر 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شیخوپورہ میں 2 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ فیصل آباد میں بارشوں کے دوران حادثات میں 2 اموات کی اطلاع ملی، جھنگ اور خوشاب سے ایک ایک موت کی اطلاع موصول ہوئی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبہ بھر میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 7 افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، صوبائی کنٹرول روم سے تمام تر صورتحال کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب بھر کی انتظامیہ سے مکمل رابطہ میں ہے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھا گیا۔