دنیا کے بلند ترین پولو گرائونڈ میں تین روزہ شندور فیسٹیول کا آغاز

07-08-2023

(ویب ڈیسک) دنیا کے بلند ترین پولو گرائونڈ پراپنی نوعیت کے منفرد شندور فیسٹیول کا آغازہو گیا، بادشاہوں کا کھیل دیکھنے کیلئے ملکی اورغیر ملکی سیاحوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔

افتتاحی تقریب میں چترال اور گلگت بلتستان کی پولو ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ بینڈز نے مختلف دھنوں پر مشتمل قومی نغمے پیش کئےاور مقامی فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیرستانی، کالاش، چترال اور خٹک ڈانس پیش کیا۔ حکومت خیبر پختونخوا اورفرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ افتتاحی تقریب میں پیرا گلائیڈرز نے حاضرین شائقین سے خصوصی داد وصول کی۔ شندور پولو فیسٹول کے پہلے دن مختلف ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے گئے۔ شندور پولو فیسٹول کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے علاقے کا رخ کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سول اور ملٹری حکام سمیت انتظامیہ کے عہدیداران اور علاقے کے عوام شرکت کر رہے ہیں۔ فیسٹیول 9 جولائی تک جاری رہے گا، 12,500 فٹ بلندی پر دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ میں کھیلا جانے والا اپنی نوعیت کا منفرد فیسٹیول ہےتین روزہ فیسٹیول میں پولو کے میچز کے ساتھ ساتھ شرکاء کے لئے رات کے وقت خصوصی طور پر آتش بازی اور کیمپ فائر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔