پاکستان شوبز فنکاروں سمیت اہم شخصیات تھریڈز پر بھی سرگرم

07-08-2023

(ویب ڈیسک) مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کی آئے دن کی تبدیلیوں سے پریشان صارفین نے میٹا کی نئی ایپ تھریڈز کا رخ کرلیا جن میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی شخصیات سمیت کئی معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے میٹا کی نئی ایپ لانچ پر انسٹاگرام کو تنقید کا نشانہ بنایا، تھریڈز کو ایلون مسک کی زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے لیے سب سے بڑا خطرہ تصور کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے ایلون مسک نے میٹا کو مقدمہ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ مقابلہ کریں، چیٹنگ نہیں۔ گزشتہ روز لانچ ہونے والی اس نئی ایپ تھریڈز پر ابتدائی 7 گھنٹوں میں ہی 10 ملین سے زائد صارفین نے اپنا اکاؤنٹ بنا لیا جن میں پاکستان شوبز انڈسٹری سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔ پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار شہروز سبزواری، اداکارہ صبا قمر، ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین، صبور علی، ہانیہ عامر، اداکار سعد قریشی، ہمایوں سعید، ثنا شاہنواز، گلوکار فرحان سعید، اداکار اذان سمیع خان، گلوکار بلال سعید، یوٹیوبر ڈکی بھائی، اداکارہ ثناء فیصل، یوٹیوبرارسلان ناصر، فیشن ڈیزائنر حسن شہریار سمیت دیگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور پی ٹی آئی چیئرمین بھی اس نئی ایپ تھریڈز کا حصہ بن گئے ہیں۔