آئندہ دو روز میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری

07-08-2023

(لاہورنیوز) دریائے چناب میں شدید سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا، آج سے 10 جولائی تک دریا میں انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلا آسکتا ہے، بھارت کی طرف سے پانی چھوڑے جانے کی صورت میں ریلا مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جموں سے ضلع سیالکوٹ میں  داخل ہونے والے دریائے چناب کے کیچمنٹ  ایریاز میں اِس وقت شدید بارشیں ہورہی ہیں جس کے باعث دریا کے بپھرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، قرار دیا گیا ہے کہ  960 کلومیٹر طویل دریا میں 10جولائی تک شدید سیلابی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے جس دوران دریا میں آنے والا سیلابی ریلا چار لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کی طرف سے صورت حال کو الارمنگ قرار دیتے ہوئے اِس بات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ اگر بھارت کی طرف سے دریا میں پانی چھوڑا گیا تو سیلابی ریلے کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، صورت حال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کی طرف سے انتظامات کومکمل کرلیا گیا ہے تا کہ نقصانات سے محفوظ رہا جاسکے۔ دریائے ستلج اور راوی سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔