یوٹیلٹی سٹورز بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام
07-08-2023
(لاہور نیوز) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو یوٹیلٹی سٹورز بھی ریلیف فراہم نہ کر سکے، سٹورز کے باہر صارفین کی لمبی قطاریں مگر اشیائے خورونوش محدود مقدار میں موجود ہیں۔
مہنگائی کے ستائے عوام ریلیف کو ترس گئے لیکن یوٹیلٹی سٹورز کے حالات نہ بدلے، سبسڈائزڈ اشیاء کے حصول کیلئے طویل انتظار معمول بن گیا ۔ داروغہ والا یوٹیلٹی سٹور پر سستی چینی نایاب ہے تو آٹا بھی محدود مقدار میں دستیاب ہے، آٹے اور گھی کے ساتھ دیگر اشیاء کی خریداری بھی لازم قرار دی جارہی ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر عام صارف کے لئے چینی 91 روپے فی کلو ہے جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صارف کو چینی 70 روپے فی کلو میں فراہم کی جارہی ہے۔ ادھر عوام کا کہنا ہے کہ پیسے بچانے کے چکر میں خوار ہو رہے ہیں، کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے، گھنٹوں انتظار کے بعد بھی کبھی چیز مل جاتی ہے کبھی خالی ہاتھ لوٹنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، گھی کے نرخ میں 85 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، گھی کی فی کلو قیمت 580 سے کم کر کے 495 روپے کر دی گئی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر درجہ اول برانڈ گھی 600 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔