سٹیٹ بینک نے 2022ء کے مالی استحکام کے حوالے سے جائزہ رپورٹ جاری کردی

07-07-2023

(لاہور نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 2022ء کے مالی استحکام کے حوالے سے جائزہ رپورٹ جاری کردی۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری مالی استحکام جائزہ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2022 کے دوران مالی نظام کی کارکردگی اور لچکداری مستحکم رہی اور پاکستان کی معیشت کو ایک مشکل سال کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ کے مطابق ناسازگار بیرونی ماحول کے نتیجے میں حالیہ معاشی عدم توازن میں مزید شدت آ گئی جبکہ جڑواں خسارے، مہنگائی، تباہ کن سیلاب، آئی ایم ایف کے پروگرام میں تاخیر نے چیلنجز میں مزید اضافہ کیا۔ سال 2022 میں بینکوں کے اثاثوں میں 19.1 فیصد کی مضبوط نمو دیکھی گئی جبکہ غیر فعال قرضوں کا مجموعی تناسب 7.9 فیصد سے کم ہوکر 7.3 فیصد رہ گیا، سودی آمدن کی وجہ سے بینکوں کی بعد از ٹیکس آمدنی 2022ء کے دوران بہتری ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق 2022ء کے دوران ایکویٹی پر نفع 14فیصد کے مقابلے میں 16.9 فیصد تک بڑھ گیا ، 2022ء میں اسلامی بینکاری کی شرح نمو 29.6 فیصد رہی۔