غریبوں کی سرپرستی پر نواز شریف کو شاباش ملنی چاہیے، مریم اورنگزیب
07-07-2023
(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک شاباش نواز شریف اور شہباز شریف کو بھی ملنی چاہیے جن کے وژن نے سینکٹروں غریبوں کو کامیابی کی منزل تک پہنچنے اور اپنے خواب سچ کر دکھانے میں عملی مدد کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ قابل رشک اور قابل فخر محمد محسن علی کی کامیابی کی کہانی ہی نہیں بلکہ تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کی زندگی اور معاشرے میں تبدیلی لانے کے ولولہ انگیز وژن اور سوچ کی کامیابی کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 گولڈ میڈل جیتنے والے حافظ آباد کے گاﺅں میاں رحیما کے اس قابل اور محنتی محسن علی نے پاکستان کے نوجوانوں کو کامیابی کا راز سمجھایا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر شہباز شریف نے محسن علی جیسے سینکڑوں ذہین لیکن غریب نوجوان بچوں اور بچیوں کی سرپرستی کی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف نے تعلیمی وظائف، بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دے کر ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی، یہ نوجوان آج قائد نواز شریف اور شہباز شریف کے یوتھ پروگرام کی کامیابی کے درخشاں ستارے بن چکے ہیں، یہ نوجوان نواز شریف اور شہباز شریف کے وژن کی کامیابی کی گواہی دے رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ محسن علی لاہور کے اسی کالج میں لیکچرار ہے جس کے قریب واقع تنور میں وہ روٹیاں لگا کر اپنے خاندان کیلئے رزق حلال کما رہا تھا، وزیراعظم شہباز شریف نے آج محسن علی کو کروڑوں پاکستانیوں کے سامنے سینے سے لگا کر شاباش دی۔