مہنگائی کے وار نہ رکے، شرح 28 فیصد سے متجاوز، غریب پریشان

07-07-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کی شرح میں مزید 0.70 فیصد اضافہ ہو گیا، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی، روز بروز بڑھتی مہنگائی نے غریب کا جینا دوبھر کردیا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح 28.55فیصد ہوگئی، ایک ہفتے میں 24 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، حالیہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں42.25 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں پیاز8.70 اور آلو4.79 فیصد مہنگا ہوا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں آٹے کی قیمت میں 4.05 فیصد اور گڑ نرخ 4.01 فیصد بڑھے، چینی 3.48 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ 10اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔  ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے7.51 فیصد اور چکن 2.80 فیصد سستا ہوا، انڈوں کی قیمت میں 0.17 فیصد کمی آئی، اڑھائی کلو گھی کا ڈبہ، کوکنگ آئل 5 لٹر ٹن کی قیمت بھی نیچے آئی، دال مسور، دال مونگ،دال چنا بھی سستی ہوئیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا  گیا ہے کہ حالیہ ہفتے17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔