صوبائی وزیر ماحولیات کا ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم
07-07-2023
(لاہور نیوز) نگران صوبائی وزیر ماحولیات، منصوبہ بندی و جنگلات بلال افضل نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
نگران صوبائی وزیر بلال افضل نے سرگودھا کمشنر آفس میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی، مختلف متعلقہ محکموں کی جانب سے وزیر ماحولیات کو سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں بارے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر بلال افضل کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، دریاؤں اور نالہ جات کی مسلسل نگرانی کی جائے، دریاؤں کے قریب بسنے والے گھرانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا سیلابی صورتحال میں متاثرین کے کھانے پینے ،علاج معالجہ اور رہائش کا مناسب انتظام کیا جائے، جانوروں کی ویکسی نیشن اور چارے کا بھی بندوبست کیا جائے، پی ڈی ایم اے دریاؤں میں پانی کی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ یقینی بنائے، متعلقہ ادارے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے والی مشینری فعال رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نالوں کی ڈی سلٹنگ یقینی بنائی جائے، ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کی مکمل معاونت کی جائے، آئندہ بارشوں میں سرگودھا ڈویژن متاثر ہونے کا خدشہ ہے الرٹ رہا جائے، نگران حکومت نے دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔