لاہور سمیت مختلف شہروں میں آج بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی

07-07-2023

(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے نے آج سے کل کے دوران لاہور سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ آج سے کل کے دوران لاہور ،گوجرانوالہ ،راولپنڈی، سرگودھا اور فیصل آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ساہیوال، جہلم ، اٹک ،چکوال میانوالی، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، اور تونسہ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش ہو گی، بہاولنگر،نارووال، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد بھکر اور لیہ میں بھی بادل برسیں گے۔ ترجمان پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے اپنے انتظامات مکمل رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار رہیں، شہری بارش کے دوران جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، مسافر حضرات موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کریں۔ پی ڈی ایم اے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شہری بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جائیں، برقی آلات کو چھونے سے گریز کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔