وزیراعلیٰ پنجاب کا پی آئی سی میں سٹیٹ آف دی آرٹ مہمان خانہ کی تعمیر کا حکم
07-07-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سٹیٹ آف دی آرٹ مہمان خانہ (سرائے) کی تعمیر کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے پی آئی سی کا دورہ کیا اور مریضوں کے تیمارداروں کے لیے نئے مہمان خانے کی سائٹ کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے نئی سرائے کی تعمیر جلد سے جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئی سرائے میں تیمارداروں کے لئے ہر طرح کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، نئی سرائے کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہئے، یہ نیک کام ہے اس میں تاخیرنہیں ہونی چاہیے۔ اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی، صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف بزنس مین گوہر اعجاز،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، سی سی پی او لاہور، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،چیئرمین پی آئی سی ڈاکٹرفرقد، پرنسپل پی آئی سی ڈاکٹر احمد نعمان اور ڈاکٹر عامر بندیشہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔