9 مئی واقعات: شاہ محمود اور اسد عمر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم
07-07-2023
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 9 مئی واقعات میں شاہ محمود اور اسد عمر کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج اعجاز احمد نے 9 مئی واقعات سے متعلق اسد عمر اور شاہ محمود کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں دونوں افراد عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ شاہ محمود نے 3 مقدمات میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پرعبوری ضمانتوں کی درخواستیں بھی دائرکی ہوئی ہیں۔ عدالت نے 9 مئی سے متعلق اسد عمر اور شاہ محمود کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے دونوں کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف سے ایک نہیں میری کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں اس لیے افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے وفد سے آج تحریک انصاف کے سربراہ کی ملاقات ہوگی، اپنا مؤقف آئی ایم ایف وفد کے سامنے رکھیں گے، کچھ ان کی سنیں گے کچھ اپنی سنائیں گے، میں بھی ملاقات میں شامل ہوں گا۔