وضو کے پانی کو قابل استعمال بنانے کا منصوبہ ٹھپ، شہر میں بیشتر واٹر ٹینکس غیر فعال

07-07-2023

(لاہور نیوز) پانی بچاؤ مہم دم توڑنے لگی ، وضو کے پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کا منصوبہ اپنی حیثیت کھونے لگا، شہر میں بنے 11 واٹر ٹینکس میں سے 9 غیر فعال ہوگئے۔

پی ایچ اے نے جوڈیشل کمیشن کی استعمال شدہ پانی بچانے کی پالیسی پر ہی پانی پھیر دیا، شعبہ انجیئنرنگ کی مبینہ کوتاہی  سے 11 میں سے 9 واٹر ٹینکس غیر فعال ہو گئے،7  واٹر ٹینکس تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے بند ہیں،  مسجد اقصیٰ پارک گجر پورہ، نگینہ پارک گجر پورہ، صلاح الدین پارک ٹمبر مارکیٹ کا واٹر ٹینک  مکمل فعال نہیں  ہوسکا۔  قلعہ لکشمن سنگھ میں گول گراؤنڈ پارک اور تکونہ پارک کا واٹر ٹینک تکنیکی خرابی کا شکار  ہے، شادباغ میں کوثر مسجد پارک میں بنے ٹینک کا واٹر کنکشن ہی نہیں لگا جبکہ  طیب مسجد پارک شادباغ کے واٹر ٹینک پر پانی کی فراہمی کے لئے موٹر ہی موجود نہیں ہے،   کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے پر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔ ڈی جی پی ایچ اے  کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔