ریلوے کالونیوں کے مکانات بوسیدہ اور خستہ، مکینوں کی زندگیاں داؤ پر

07-07-2023

(لاہور نیوز) شہر میں ریلوے کالونیوں کے مکانات بوسیدہ اور خستہ حال ہو گئے، مون سون کی شدید بارشوں میں کالونیوں کے رہائشیوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔

ریلوے انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث شدید بارشوں میں ریلوے کالونیوں کے متعدد کوارٹرز کی چھتوں سے پانی ٹپکنے لگا، بوسیدہ چھتیں کس وقت اپنا آپ چھوڑ دیں  کچھ نہیں کہا جا سکتا، ریلوے کالونیوں کے رہائشیوں کی سر پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریلوے درجہ چہارم اور بی کیٹیگری  کے ملازمین  انتہائی خستہ حال رہائشوں میں رہنے پر مجبور ہیں،  ریلوے کے اکثر فلیٹ اپنی معیاد پوری کر چکے ہیں مگر عرصہ دراز سے سرکاری گھروں کی مرمت ہی نہیں کروائی گئی۔ صدر ریلوے پریم یونین لاہور ڈویژن فیاض احمد شہزاد اور دیگر ملازمین کا کہنا ہے کہ ریلوے ملازمین کی  تنخواہوں  سے سالانہ  20 ہزار سے 50 ہزار روپے مینٹی نینس کٹوتی کی جاتی ہے، محکمہ کی جانب سے  ریلوے افسران پر تو لاکھوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں  لیکن چھوٹے ملازمین کے گھروں کی تعمیر و مرمت پر توجہ ہی نہیں دی جاتی۔