ملک بھر میں آج 'یوم تقدیس قرآن' منایا جا رہا ہے

07-07-2023

(لاہور نیوز) سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف آج "یوم تقدیس قرآن" منایا جا رہا ہے، جمعہ کے بعد سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

ملک بھر میں پرامن احتجاجی جلوس نکالے جائیں گے جن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی بھرپور مذمت کریں گے۔ اس کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علماء جمعہ کے خطبات کے دوران قرآن کریم کے تقدس پر روشنی ڈالیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کیخلاف مذمتی قراردادبھی  منظور کی گئی ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کی توجہ چاہتا ہے، ایوان تمام مذاہب کی تکریم اور الہامی کتابوں پر یقین رکھتا ہے، سویڈن حکام سے واقعے کے خلاف کارروائی پر زور دیتا ہے، اس بات کی توقع کی جاتی ہے کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہیں ہوں گے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اسلامو فوبیا اور مذہب کیخلاف نفرت پھیلانے جیسے واقعات کی روک تھام کی جائے، اسلامی سربراہی کانفرنس کا فورم اسلامو فوبیا کے سدباب اور مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے استعمال کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سویڈن واقعہ ناقابل برداشت ہے، اگر آئندہ ایسی حرکت ہوئی تو پھر ہم سے کوئی گلہ نہ کرے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں، آج ہم عالم اسلام کے جذبات اس ایوان سے پوری دنیا میں پہنچائیں گے، آج نہ صرف اس کی مذمت کریں بلکہ ہاؤس تجویز کرے کہ موثر الفاظ میں قرار داد کی منظوری ہو۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن واقعے سے مسلمانوں کے دل انتہائی دکھی ہیں، عید والے دن پولیس نے اپنی کسٹڈی میں خبیث کو یہ حرکت کرنے دی، اسلام تمام مذاہب کا احترام سکھاتا ہے، جمعہ کی نماز کے بعد پورے ملک میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں مل کر احتجاجی ریلیاں نکالیں۔