ورلڈ کپ،پاک افغان ٹاکرے کے مقام کی تبدیلی کا معاملہ،مکی آرتھر کا بیان سامنے آگیا

07-06-2023

(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کی جانب سے پاک افغان میچ کے مقام کی تبدیلی کی بات کرنے کی تصدیق کردی گئی ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے  وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے بحث و مباحثے ہوئے لیکن ٹیم کسی بھی مقام پر کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے دو لیگ میچوں کے مقامات کو تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی۔ بورڈ نے 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان سے شیڈول میچ کے مقامات کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ 20 اکتوبر کو بنگلورو آسٹریلیا کے بجائے افغانستان سے جبکہ 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان کے بجائے آسٹریلیا میچ کروایا جائے۔تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے درخواست ماننے سے انکار کردیا تھا۔