یوریا اورڈی اے پی کھاد کی فروخت میں کمی ریکارڈ
07-06-2023
(ویب ڈیسک) ملک میں یوریا اورڈی اے پی کھاد کی فروخت میں جون کے دوران سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 17 فیصد اور7 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
این ایف ڈی سی اور انڈسٹری کے اعدادوشمار کےمطابق جون 2023 میں ملک میں 6 لاکھ 10 ہزار ٹن یوریا کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 17 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 7 لاکھ 37 ہزار ٹن یوریا کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی تاہم مئی کے مقابلہ میں جون میں یوریا کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر33 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اسی طرح جون میں ملک میں ایک لاکھ 35 ہزار ٹن ڈی اے پی کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 7 فیصد کم ہے، گزشتہ سال جون میں ملک میں ایک لاکھ 46 ہزار ٹن ڈی اے پی کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ ملک میں مئی کے مقابلہ میں جون میں ڈی اے پی کی فروخت میں ماہانہ بنیادوں پر105 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جاری کیلنڈر سال کے پہلے نصف میں ملک میں 31 لاکھ ایک ہزار ٹن یوریا اور 4 لاکھ 97 ہزار ٹن ڈی اے پی کی فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔