چیئرمین پی ٹی آئی سانحہ 9 مئی کے مزید دو مقدمات میں ملزم نامزد

07-06-2023

(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی کو سانحہ 9 مئی کے مزید دو مقدمات میں ملزم نامزد کر دیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف کو فیصل آباد اور گوجرانوالہ پولیس نے سانحہ 9 مئی کے مزید دو مقدمات میں نامزد کیا ہے۔ فیصل آباد پولیس نے 9 مئی کو حساس ادارے کے دفتر اور وفاقی وزیر داخلہ کے گھر پرحملہ کیس کی ضمنی رپورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کردیا۔ گوجرانوالہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو قتل ودہشت گردی کے مقدمہ میں نامزد کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمنی بیان میں زیردفعہ109 کے تحت ملزم نامزد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق 10 مئی کو مقدمہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے خلاف درج کیا گیا تھا، واقعہ میں ایک پولیس اہلکارجاں بحق ، 18 افرادزخمی ہوئے تھے، 9 مئی کو راہوالی چیک پوسٹ پرحملہ ہوا جس کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج ہوا تھا۔ خیال رہے کہ پولیس نے 9 مئی کو جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) گیٹ اور حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے کیس میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو زیر تفتیش ملزمان کے بیانات کی روشنی میں ملزم نامزد کیا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی پر حملوں کی منصوبہ بندی، کارکنوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے کا الزام عائد کیا جائے گا۔