پنجاب پولیس کی غیر قانونی اسلحہ کیخلاف مہم ، رواں سال 23 ہزار ملزمان گرفتار

07-06-2023

(لاہور نیوز) رواں سال اب تک لاہور سمیت مختلف اضلاع میں غیر قانونی اسلحہ کے 24 ہزار 341 مقدمات درج کرکے 23 ہزار 367 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزمان سے 9434 سٹین گنز، 622 کلاشنکوف، 2 اینٹی ایئر کرافٹ گنز، 2611 رائفلزاور 1029 بندوقیں برآمد کی گئی ہیں۔   ترجمان پنجاب پولیس کا مزید کہنا ہے کہ 376  ریوالور، 16596 پسٹل، 18 موذرز، 228 کاربین، 347 رپیٹر پسٹل، 71879 گولیاں ، 1799 کارتوس، 6288 کارٹریجز اور 882 میگزین بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ لاہور میں ناجائز اسلحہ رکھنے پر 4100 ملزمان کو گرفتارکرکے37 کلاشنکوف، 252 رائفلز، 181 گنز، 3585 پسٹل اور ریوالور برآمد کیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے  ہوائی فائرنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے اور نمائش کرنے پر ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیلانے والوں کو بلا امتیاز قانون کی گرفت میں لایا جائے،ہتھیاروں کی سمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث اسلحہ ڈیلرز کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز متعلقہ اضلاع میں غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے کیلئے کارروائیاں خود مانیٹر کریں ، غیر قانونی اسلحہ سے متعلق کارکردگی رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔