ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

07-06-2023

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پنشن میں ساڑھے 17 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی سے وفاقی حکومت کے تمام پنشنرز بشمول دفاع کے سول پنشنرز اور آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ اور سول آرمڈ فورسز کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنشن میں اضافے کا اطلاق فیملی پنشن پر بھی ہوگا، علاوہ ازیں یکم جولائی سے کم سے کم پنشن 10 ہزار روپے سے بڑھا کر 12ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اور پنشن میں ساڑھے 17 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا جب کہ ای او بی آئی کے پنشنرز کی پنشن 10 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ قومی اسمبلی نے بھی آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے دی ہے جس میں 215 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہیں۔