ملک پرقرضوں کا بوجھ ریکارڈ 58 ہزار 962 ارب روپے پر پہنچ گیا

07-06-2023

(ویب ڈیسک) ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ ریکارڈ 58 ہزار962 ارب روپے ہوگیا۔

سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 31 مئی 2023 تک ملک کا مجموعی قرضہ 58962 ارب روپے ہو گیا جو گزشتہ سال کے مجموعی قرضوں سے 32 فیصد زیادہ ہے۔ مئی 2022 میں ملک پر مجموعی قرضوں کا بوجھ 44 ہزار 641 ارب روپے تھا۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2022  سے مئی 2023 تک 14 ہزار 321 ارب روپے کے قرضے لئے گئے، صرف مئی 2023 میں حکومت نے 363 ارب روپے کے قرضے لئے، ملک پر مجموعی قرضے 58 ہزار962ارب روپے کے ہوگئے۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک پر37 ہزار54 ارب ڈومیسٹک جبکہ 21 ہزار908 ارب کا بیرونی قرض ہے۔ حکومت کے اندرونی قرضوں میں ایک سال کے دوران 27 فیصد کا اضافہ ہوا جو 2900 ارب روپے سے بڑھ کر 37000 ارب روپے ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے بیرونی قرضوں میں 40.5 فیصد کا اضافہ ہوا جو 15500 ارب سے بڑھ کر 22000 ارب ہو گیا۔ موجودہ حکومت نے ہر روز39 ارب روپے کا قرض لیا، پاکستان کا ہرشہری اڑھائی لاکھ روپے سے زائد کا مقروض ہے۔