توشہ خانہ فوجداری کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کل ذاتی حیثیت میں طلب

07-06-2023

(ویب ڈیسک) توشہ خانہ فوجداری کیس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل گوہرعلی اور وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویزعدالت پیش ہوئے۔ وکیل گوہرعلی خان نے کہا کہ سیشن عدالت میں کیس 8 جولائی کے لیے مقرر تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نے آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، سیشن جج نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 7 دن میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گوہرعلی خان نے استدعا کی کہ 10 جولائی کے بعد کوئی بھی اگلی سماعت کی تاریخ دے دیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ہے جبکہ وکیل الیکشن کمیشن نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی مخالفت کر دی۔ بعد ازاں سیشن عدالت نے خواجہ حارث کو کل عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا اور چیئرمین پی ٹی آئی کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، عدالت نے ملزم کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی۔