پاکستان کے مقامی قرضوں میں ایک سال کے دوران 8 ہزار ارب روپے کا اضافہ

07-05-2023

(لاہور نیوز) پاکستان کے مقامی قرضوں کے حجم میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال 8 ہزار ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مئی 2023 کے اختتام پر مقامی قرضوں کا حجم 37 ہزار ارب تک پہنچ گیا، گزشتہ سال کے مقابلے میں مئی 2022 سے مئی 2023 تک قرضوں کے حجم میں 28 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ ہونے کے 2 دن بعد ہی ڈالر کی قدر اور سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان دوبارہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ 2 روز میں ڈالر روپے کے مقابلے میں 10 روپے کم ہوا تھا۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹر بینک میں ڈالر نے دوبارہ اڑان بھرنا شروع کر دی، انٹر بینک میں ڈالر ایک روپیہ 97 پیسے اضافے کیساتھ 277 روپے 41 پیسے پر بند ہوا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ایک روپے اضافے کیساتھ 280 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں سونے کے نرخ بڑھنے کا رحجان سامنے آیا ہے، عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت ایک ڈالر کمی کے ساتھ 1928 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک ہزار روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 858 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، قیمتوں میں اضافے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 6 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 76 ہزار 612 روپے ہو گئی۔