خواتین کو ہاکی کی طرف راغب کرنا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد ہے، شیزا فاطمہ

07-05-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ملک کے ہر صوبے میں ہاکی کا ٹیلنٹ ہنٹ کیا گیا، خواتین کو ہاکی کی طرف راغب کرنا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد ہے۔

  معاون خصوصی نوجوانان امور نے یوتھ پروگرام صوبائی ہاکی لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 11 ہزار لڑکے اور لڑکیوں نے ہاکی کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شرکت کی، باصلاحیت کھلاڑی اگست میں قومی سطح کی ہاکی لیگ میں شرکت کریں گے۔ شیزا فاطمہ نے کہا کہ 2013ء میں نوازشریف نے یوتھ پروگرام کا آغاز کیا جس کو 10 سال ہونے والے ہیں، یوتھ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں کی طرف راغب کرنا ہے، پاکستان کا نوجوان ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی تباہی سے ملک کو پریشانی ہے، گزشتہ چند برسوں میں نوجوانوں میں تہذیب و تمدن کو نقصان پہنچتے دیکھا، اختلاف کا اظہار مہذب طریقے سے کرنا چاہیے، بدتمیزی نہیں کرنی چاہیے۔