پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی سمگلر گرفتار
07-05-2023
( لاہور نیوز ) پنجاب پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران انسانی سمگلر گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق مدعی بلال نے 4 ملزمان کے خلاف بذریعہ ایف آئی اے وہاڑی پولیس سے رابطہ کیا تھا، ملزمان سعید اور ظفر نے بلال سے 7 لاکھ یونان بجھوانے کے لئے وصول کئے تھے اور اسے قطر کے راستے لیبیا بجھوایا۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان رفیق اور جمشید نے لیبیا میں بلال شاہد کو ریسیو کیا اور تین ماہ تک نظر بند رکھا بعدازاں بلال کو کشتی کے ذریعے سمندری راستے سے یونان روانہ کیا گیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سفر کے دوران لیبیا کے سکیورٹی اداروں نے بلال کو دیگر مسافروں کے ہمراہ گرفتار کر لیا جس کے بعد ملز مان نے بلال شاہد کو لیبیا کی فورسز سے وصول کیا اور پھر سے یرغمال بنایا بعدازاں بلال کے والد سے مزید 5 ہزار ڈالر لے کر اسے واپس پاکستان بھیجا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مرکزی ملزم سعید کو مزید تفتیش کے لئے ایف آئی اے کے حوالے کیا جا رہا ہے۔