زمبابوے کی ٹیم بھی ورلڈ کپ 2023 کی دوڑ سے باہر

07-05-2023

( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں سکاٹ لینڈ نے زمبابوے کو 31 رنز سے شکست دے دی، زمبابوے کی ٹیم بھی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

کوئنز سپورٹس کلب بلاویو میں کھیلے گئے میچ میں سکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے، مائیکل لیسک 48، میتھیو کراس 38، برینڈن میکمولن 34 اور جارج منسے 31 رنز کی اننگ کھیل نمایاں بیٹرز رہے۔ زمبابوے کی جانب سے سین ولیمز نے 41 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ چٹارا نے 2 شکار کئے۔ 235 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم 42 ویں اوور میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ریان برل نے 83 رنز کی فائٹنگ اننگز کھیلی، ویسلے مدھویرے 40 اور سکندر رضا 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سکاٹ لینڈ کی جانب سے کرس سول نے 3 جبکہ برینڈن میکمولن اور مائیکل لیسک نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاتح ٹیم کے کھلاڑی کرس سول کو شاندار کارکردگی دکھانے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ اس شکست کے بعد زمبابوے کی ٹیم بھی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔