شرعی اصول بینکاری پر لاگوہونگے یا نہیں؟گورنر سٹیٹ بینک کا موقف جاری

07-04-2023

(ویب ڈیسک)گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ شرعی اصولوں کو بینکاری پر زبردستی لاگو نہیں کیا جائیگا۔

تفصیلات کےمطابق سٹیٹ بینک کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد  نے کہا کہ شرعی بنیادوں پر بینکاری کو استوار کرنا  سٹیٹ بینک کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، اس پر کاروباری کشش کے ساتھ عمل درآمد ہوگا، زبردستی لاگو نہیں کریں گے، بینکوں کے کاروباری مفادات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب  سٹیٹ بینک کا لیبل فریم ورک ماڈرن سینٹرل بینکنگ کے عین مطابق ہے جس میں وقت کے ساتھ بہتری لائی گئی،بینکاری قانون بھی بہت سے قوانین کے مطابق تھا، 1962 میں بینکنگ قانون بنا جو اب کسی بھی جدید بینکاری قوانین کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مانیٹری پالیسی کا فریم ورک بھی ماڈرن اور خودمختار ہے، مانیٹری پالیسی اراکین کے ساتھ تین معاشی ممبران اور بورڈ کے بیرونی اراکین پر مشتمل ہے، مانیٹری پالیسی کا فیصلہ آزادانہ طریقے سے کیا جاتا ہے، ریگولیٹری فریم ورک ایک ماڈرن اور بین الاقوامی معیارات  کے  مطابق ہے۔