انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت برتنے پر کارروائی کا فیصلہ

07-04-2023

(لاہور نیوز) انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت برتنے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

صوبائی ڈینگی مانیٹرنگ کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔ نگران صوبائی وزراء جمال ناصر، منصور قادر،اظفر علی ناصر اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر پرائمری صحت جمال ناصر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کی تشخیص کیلئے رورل ہیلتھ سینٹرز میں سی بی سی ٹیسٹ کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ پرائیویٹ ہسپتالوں سے ڈینگی رپورٹنگ بہتر بنانے کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن کردار ادا کرے۔ وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر نے کہا ڈینگی کے حوالے سے کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز انسداد ڈینگی مہم کی خود نگرانی کریں۔ اجلاس میں بارشوں کے باعث ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔ اس حوالے سے محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت کا مظاہرہ کرنے والے فیلڈ سٹاف کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کمیٹی نے ملتان میں ڈینگی کیسز میں اضافے پر اظہار تشویش کیا۔