شہر میں ترقیاتی کام التوا کا شکار، نصف سال گزر گیا

07-04-2023

(لاہور نیوز) شہر میں ترقیاتی کام التوا کا شکار ہیں۔ نصف سال گزر گیا۔ ٹوٹی گلیاں اور سڑکیں تعمیر نہ ہو سکیں۔

شہریوں کی درخواستوں پر تاحال عملدرآمد نہ ہو سکا۔ پانچ ارب کے ترقیاتی کاموں کا اجرا نہ ہونے سے فنڈز حکومتی خزانے میں واپس چلے گئے۔ اسلام پورہ، سنت نگر، کریم پارک اور قصور پورہ کیلئے 1 ارب 25 کروڑ کی 21 ترقیاتی سکیمیں التوا کا شکار ہیں۔ ریواز گارڈن، چوبرجی، ملتان روڈ کے لئے ایک ارب 10 کروڑ روپے کے فنڈز تاحال منتقل نہ ہو سکے۔ پی پی 158 ، 159 اور 160 کے لئے فی کس 7 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز رک گئے۔ پی پی 161، 167، 170 اور 173 کے لئے فی کس 7 کروڑ پچاس لاکھ روپے کے فنڈز کو بریک لگ گئی۔ این اے 133 کے لئے تاحال فنڈز جاری نہ ہو سکے۔ این اے 125 امین پارک، راوی روڈ کے لئے 10 کروڑ روپے کا اجرا التوا کا شکار ہے۔ نیلا گنبد، نیپئر روڈ، بانساں والا بازار کیلئے 10 کروڑ روپے روک دئیے گئے۔ اردو بازار، دھوپ سڑی روڈ، پیسہ اخبار مارکیٹ میں 8 کروڑ روپے سے ترقیاتی کام نہ ہو سکا۔ دھوپ سڑی قبرستان کی چار دیواری کے لئے 3 کروڑ روپے جاری نہ ہوئے۔ چیف آفیسر انفراسٹرکچر میاں ثاقب کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال 2023-24 کے بجٹ میں ترقیاتی سکیموں کو منظور کروایا جائے گا۔